اسلام آ باد: چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ججز نظر بندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی ضمانت کی منسوخی کےلئے دائر درخواست کی سماعت سے معذرت کرلی۔
سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ کے رو برو اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ججز نظر بندی کیس میں پرویز مشرف کی ضمانت کی منظوری کے خلاف نظر ثانی کی درخواست کی سماعت مقرر کی تھی، چیف جسٹس نے کیس کی سماعت سے گزیز کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو ہدایات کی کہ درخواست کی سماعت کے لیے دوسرا بنچ قائم کیا جائے جس کے بعدعدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ججز نظر بندی کیس میں 5 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے کےعوض سابق صدر کی ضمانت منظور کی تھی، ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف ایڈوکیٹ اسلم گھمن نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔