اسلام آباد: وفاقی وزارت مواصلات نے وزیراعظم نواز شریف کو بریفنگ دیتے ہوئےانکشاف کیا ہے کہ صدرآصف علی زرداری اورا ن کے رشتے داروں کی زمینوں تک سڑکوں کا نیٹ ورک بچھانے کیلئے وزارت کا بہت بڑافنڈ خرچ کیاگیا۔
حکومتی ذرائع نےبتایا کہ وزیراعظم نےحال ہی میں دورہ چین کے دوران اپنے چینی ہم منصب کےساتھ پاک چائنا اکنامی کوریڈور کےحوالے سے جو معاہدے کئے اس سلسلے میں سیکرٹری مواصلات کومستقبل کےمنصوبوں کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی اور بریفنگ تیار کرنےکیلئے سات دنوں کا وقت دیاتھا۔
سیکرٹری مواصلات نے وزیراعظم کواپنی بریفنگ میں آگاہ کیا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں بہت زیادہ بے قاعدگیاں ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت مواصلات فی الوقت کوئی بہت بڑا تعمیراتی منصوبہ شروع کرنےکے قابل نہیں کیونکہ سابق وزراء اعظم یوسف رضاگیلانی اورراجہ پرویز اشرف کے دور میں ترقیاتی کاموں اور موٹرویز کووسعت دینے کیلئے مختص فنڈز کو ملتان ، لاڑکانہ اور گوجرخان کے بڑے منصوبوں پرخرچ کردیاگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے وزارت مواصلات کا فنڈ ملتان میں پلوں کی تعمیر اور لاڑکانہ میں صدر آصف علی زرداری اور ان کے رشتے داروں کی زمینوں پر سڑکوں کا جال بچھانے کیلئے استعمال کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسی طرح راجہ پرویز اشرف نے وزارت کا فنڈر گوجر خان میں ترقیاتی کاموں پرخرچ کرڈالا، فنڈز کی عدم موجودگی میں وزارت کوئی نیا منصوبہ شروع کرنے کے قابل نہیں۔
پاکستان کے مقامی اخبار پاکستان ٹوڈے کے مطابق وزیراعظم نےاس سارے معاملے کو نظرانداز کردیا جس سے یہ تاثر پیدا ہوتاہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے دور میں ہونے والی بے قاعدگیوں پر کوئی سنجیدہ کارروائی نہیں کرنا چاہتے۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری مواصلات نے ظفر عباس لاک کے دور میں موٹروے پولیس کے آڈٹ رپورٹ میں سامنے آنے والی 15 سنجیدہ قسم کے بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی۔
وزیراعظم نے فوری طور پر صرف یہ کہا کہ یہ رپورٹ میرے دفتر پہنچائی جائیں تاہم انہوں اس حوالےسے کوئی احکامات جاری نہیں کئے۔
وزیراعظم نے موٹرویز اور ہائی ویز کو ملک بھر میں وسعت دینے کے حوالے سے وزارت کی بریفنگ کو کمزور قراردیتے ہوئے اس پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات پرویزرشید، وزیربرائے پلاننگ اور ڈیولپمنٹ احسن اقبال، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اوردیگر اعلٰی حکام نے بریفنگ میں شرکت کی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کی ذیلی کمیٹی میں بھی یہ معاملہ سامنے آیا جب عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جاری منصوبوں کی رقم ملتان میں خرچ کرڈالی۔
سینیٹر زاہد خان نے گزشتہ چند ماہ کے دوران ملتان پیکیج کے نام پر 3.7 ارب ڈالر مختص کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ لواری ٹنل، پشاور ناردرن بائی پاس اورحسن ابدال مانسہرہ ہائی وے پراجیکٹ کیلئے بہت قلیل رقم جاری کی گئی ۔
ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے دورمیں بڑی رقم مخصوص علاقوں کو منتقل کرنے سے صوبہ بلوچستان اورخیبر پختونخواہ کے بیشتر ترقیاتی منصوبے متاثرہوئے۔