Top Rated Posts ....

Who is Hameed Kumhar which was mentioned by ATC judge in Imran Khan's case

Posted By: Saif, April 13, 2023 | 06:03:55


Who is Hameed Kumhar which was mentioned by ATC judge in Imran Khan's case


حمید کمہار کون ہے جس کا عمران خان کیس کی سماعت کے دوران تذکرہ ہوا؟ انسدادِ دہشتگردی کی عدالت کے جج نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے عمران خان اور حمید کمہار میں کوئی فرق نہیں، اگر عمران خان کو ریلیف ملتا ہے تو حمید کمہار کو بھی وہی ریلیف ملے گا۔

حمید کمہار کا پسِ منظر کچھ یوں ہے کہ گزشتہ روز سابق فنانس سیکرٹری لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن فیصل توقیر سیال نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے نام ایک خط لکھا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ خط کچھ اس طرح ہے۔۔

----------------

بخدمت جناب عزت مآب چیف جسٹس صاحب لاہور ہائی کورٹ، لاہور

جنابِ عالی

گذارش ہے کہ میرے ان پڑھ کلائنٹ حمید کمہار کا کیس لیفٹ اوور ہوا تو میں نے کال پر اسے بتایا کہ جج صاحب دو بجے عدالت کا وقت ختم ہونے کی وجہ سے چلے گئے ہیں۔ آپ کے کیس کی سماعت اب سوموار کوہوگی۔ کیونکہ ہفتہ اور اتوار کو چھٹی ہے۔

شام سات بجے حمید کمہار کا مجھے فون آیا، بولا وکیل صاحب آپ بڑے جھوٹے ہیں، میں اڈے پر چائے والی کی دوکان پر سائیکل روک کر ٹی وی دیکھ رہا ہوں، جج صاحب تو ابھی بھی عدالت میں بیٹھے ہیں اور کسی بڑے سیاستدان کا کیس سن رہے ہیں۔۔ میں نے حمید کمہار کو پیار سے سمجھا بجھا کر فون بند کردیا۔

بروز ہفتہ پھر حمید کمہار کا فون آیا کہ آج پھر عدالت لگی ہوئی ہے، جبکہ آپ کہتے ہیں کہ ہفتہ اتوار چھٹی ہوتی ہے۔ میں نے غصے سے فون بند کردیا۔

اتوار کو پھر عدالت لگی دیکھ کر حمید کمہار نے مجھے فون کیا اور کہا کہ آپ سیدھی بات کیوں نہیں بتاتے، مجھ سے جھوٹ کیوں بولتے ہو۔ میں نے اسے بتایا کہ سیاسی شخصیات کے کیسز کسی بھی وقت سنے جاسکتے ہیں، حمیدے تجھ میں اور سیاسی شخصیات میں بڑا فرق ہے۔

اگلی صبح مجھے حمید کمہار نے فون کیا اور بولا کہ مولوی درس دے رہا ہے کہ خطبہ حجتہ الوداع میں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ سب برابر ہیں، وہ بولا وکیل صاحب آپ جھوٹ بول رہے ہیں یا مولوی، سیدھی بات کیوں نہیں بتاتے۔۔

جنابِ چیف جسٹس صاحب حمید کمہار توہینِ عدالت کا مرتکب ہوا ہے اسے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ حمید کمہار برابری کے اصول کی بات نہ کرسکے۔

العارض

فیصل توقیر سیال ایڈووکیٹ ہائیکورٹ
سابق فنانس سیکرٹری لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن




اس خط پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے دیکھنے میں آئے









Follow Us on Social Media

Join Whatsapp Channel Follow Us on Twitter Follow Us on Instagram Follow Us on Facebook


Advertisement





Popular Posts

Comments...